مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز سے نقل کیاہےکہ پاکستانی شہر کراچی میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس کی آزمائشی سروس شروع ہوگئی، الیکٹرک بس سندھ آرکائیوز کمپلیکس سے سی ویو تک چلائی گئی، یہ بسیں 20 منٹ میں چارج ہوکر 240 کلومیٹر فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ یہ منصوبہ پیپلز بس سروس کے فیز ٹو کے تحت چلایا جارہا ہے۔ آزمائشی بس سروس کے دوران وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن، وزیر محنت سعید غنی، مشیر وزیر اعلیٰ سندھ جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیریسٹر مرتضیٰ وہاب، سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ، ایم ڈی ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کیپٹن (ر) الطاف حسین ساریو اور دیگر نے سفر کیا اور بسوں میں سہولت کا جائزہ لیا۔
میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ آج پیپلز بس سروس کے دوسرے فیز کا آغاز ہوگیا، ماحول دوست بسوں کی آج ٹیسٹ ڈرائیور تھی، 10 روز بعد باقاعدہ بس سروس کا آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ یورپین معیار کی بسیں ہیں جن کی لمبائی 12 میٹر ہے، کوشش ہے کہ جہاں ٹریفک کم ہو وہاں یہ بسیں چلائی جائیں جس کے لیے سروے جاری ہے، جلد روٹس کا تعین کیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ